اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں، اکتوبر 2026 کے دوران 5 ہزار سے زائد نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا ریکارڈ قائم ہوگیا۔سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی رپورٹ کے مطابق نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کے بعد ملک میں مجموعی طور پر رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 794 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ان میں سے 99.9 فیصد کمپنیوں کی رجسٹریشن آن لائن مکمل کی گئی۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں رجسٹر ہونے والی نئی کمپنیوں میں 55.4 فیصد نجی محدود ذمہ داری کی حامل جبکہ 41.6 فیصد واحد رکن پر مشتمل کمپنیاں شامل ہیں۔علاقائی اعتبار سے پنجاب میں سب سے زیادہ 2663 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی، جبکہ اسلام آباد میں 934، سندھ میں 751 اور خیبرپختونخوا میں 382 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں سب سے زیادہ 991 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کروائی، جبکہ تجارت کے شعبے میں 767 اور خدمات کے شعبے میں 594 کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔ایس ای سی پی کے مطابق ڈیجیٹل اصلاحات اور آن لائن رجسٹریشن کی سہولت سے کاروبار شروع کرنے کا عمل آسان ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ملک میں نئی کمپنیوں کے قیام اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔