میڈرڈ( سپورٹس ڈیسک) ہسپانوی فٹبال لیگ لالیگا کے سنسنی خیز مقابلے میں ریال میڈرڈ نے روایتی حریف بارسلونا کو 1-2 سے شکست دے کر اس کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ ختم کردیا۔کیمپ نو میں کھیلے گئے میچ میں فرانسیسی اسٹار کائیلیان ایمباپے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں گول اسکور کیے۔ انہوں نے 41ویں منٹ میں گول کرکے ریال میڈرڈ کو برتری دلائی۔دوسرے ہاف میں بارسلونا کے رافینیا نے پیڈری کے پاس پر گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا، تاہم 87ویں منٹ میں ایمباپے نے فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح اور قیمتی 3 پوائنٹس دلادیے۔اس گول کے ساتھ ایمباپے نے ریال میڈرڈ کی جانب سے اپنے 116ویں میچ میں 100 گول مکمل کرلیے۔ وہ کلب کی تاریخ میں یہ سنگ میل عبور کرنے والے 24ویں کھلاڑی بن گئے۔اس کامیابی کے ذریعے ریال میڈرڈ نے 3 سال بعد بارسلونا کے ہوم گراؤنڈ پر فتح حاصل کی۔ شکست کے باوجود بارسلونا لالیگا پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، تاہم ریال میڈرڈ کی جیت سے ٹائٹل کی دوڑ مزید دلچسپ ہوگئی ہے۔