لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے انگلینڈ کے خلاف شاندار اننگز کھیل کر ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 96 گیندوں پر ناقابلِ شکست 113 رنز بنائے اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ پر 89 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کرکے پاکستان کو ایک وکٹ سے کامیابی دلائی۔میچ کے اہم مرحلے پر پاکستان کو جیت کے لیے 21 رنز درکار تھے کہ گس ایٹکنسن کی یارکر پر شاداب خان کو ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا گیا۔ تاہم، ریویو لینے پر الٹرا ایج میں گیند کا بیٹ سے معمولی رابطہ ثابت ہوا اور شاداب ناٹ آؤٹ قرار پائے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ شاداب اور نان اسٹرائیکر پر موجود حارث رؤف، دونوں کو گیند کے بیٹ سے لگنے کا اندازہ نہیں ہوا تھا اور وہ مایوسی کے عالم میں واپس جانے لگے تھے۔ اس موقع پر حارث رؤف نے شاداب کو ریویو لینے کا مشورہ دیا، جو میچ کا فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا۔حارث رؤف نے بھی 19 گیندوں پر ناقابلِ شکست 7 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا اور شاداب کا ساتھ دیتے ہوئے اپنی وکٹ محفوظ رکھی۔