کراچی ( شو بز ڈیسک) معروف پاکستانی گلوکار و اداکار دانیال ظفر نے مسلسل مصروفیات اور صحت پر پڑنے والے دباؤ کے باعث کچھ عرصے کے لیے شوبز سے بریک لینے کا اعلان کردیا۔دانیال ظفر نے انسٹاگرام پر اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی ہمت کی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ 2 برس کے دوران مسلسل سفر کے باعث کسی ایک جگہ چند دن سے زیادہ قیام کرنا بھی مشکل رہا۔گلوکار کا کہنا ہے کہ بیک وقت اداکاری اور موسیقی کے شعبوں میں کام کرنا انتہائی مشکل ہے اور اس مصروف معمول نے ان کی صحت کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں فی الحال اپنی صحت کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا گیا ہے، جس پر عمل کرتے ہوئے وہ تمام پیشہ ورانہ سرگرمیاں عارضی طور پر روک رہے ہیں تاکہ مکمل صحت یابی پر توجہ دے سکیں۔واضح رہے کہ دانیال ظفر حال ہی میں ڈراموں ’رقص‘ اور ’زنجیریں‘ میں مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں، جبکہ وہ اپنے نئے اسٹوڈیو البم ’اسٹورمز اینڈ سیرینٹی‘ کی تشہیر میں بھی مصروف تھے، جس کی ریلیز ہفتے کے روز طے تھی۔