راولپنڈی (پاکستان خبر) سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ راولپنڈی میں انتقال کرگئے، جس پر عسکری قیادت، وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کے تمام رینکس نے مرحوم کے شاندار عسکری کیریئر، قائدانہ صلاحیتوں اور پاک فوج کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پاک فوج نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ شریک ہے۔ عسکری قیادت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہلِ خانہ کو صبر و ہمت دے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور دیگر حکومتی و سیاسی شخصیات نے بھی جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔