کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے یوٹیوب کی موبائل ایپ میں نئی تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں، جن کا مقصد صارفین کو ان کی دلچسپی کے مطابق ویڈیوز تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔نئے ڈیزائن کے تحت ایپ کے بالائی حصے کو مزید سادہ بنایا گیا ہے، جبکہ صارفین کے لیے مختلف موضوعات کی ویڈیوز کے درمیان منتقل ہونا بھی آسان ہوگا۔ اس کے ساتھ ویڈیوز کی تجاویز پر صارفین کا اختیار بڑھانے کے لیے کسٹم فیڈز کا فیچر شامل کیا گیا ہے۔اس سہولت کے ذریعے صارفین اپنی پسند کے موضوعات پر الگ ویڈیو فیڈ تیار کرسکیں گے اور انہیں صرف پلیٹ فارم کی پہلے سے تجویز کردہ کیٹیگریز تک محدود نہیں رہنا پڑے گا۔ مثال کے طور پر اسمارٹ فونز کے اشتہارات میں دلچسپی رکھنے والے صارفین متعلقہ الفاظ درج کرکے اس موضوع کی مخصوص فیڈ بنا سکیں گے۔نئے فیچر کے تحت صارفین کی بیان کردہ دلچسپیوں سے متعلق نئی ویڈیوز بھی دستیاب ہونے پر فیڈ میں شامل کی جاسکتی ہیں۔ یوں انہیں اپنی پسند کا مواد تلاش کرنے میں زیادہ سہولت ملے گی۔ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق کسٹم فیڈز سے یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے کا تجربہ زیادہ ذاتی نوعیت کا ہوگا اور صارفین کو یہ طے کرنے میں زیادہ آزادی ملے گی کہ وہ کس قسم کا مواد دیکھنا چاہتے ہیں۔