اسلام آباد (کامرس ڈیسک) حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کو مجموعی طور پر 30 ارب روپے کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑسکتا ہے۔بجلی کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اکتوبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست جمع کرادی ہے۔درخواست کے مطابق اکتوبر میں مجموعی طور پر 10 ارب 35 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، جس پر 111 ارب 29 کروڑ روپے لاگت آئی۔ گزشتہ ماہ ڈیزل سے بجلی کی پیداوار پر فی یونٹ 69 روپے 58 پیسے جبکہ فرنس آئل سے بجلی بنانے پر 46 روپے 42 پیسے لاگت آئی۔درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 28 روپے 73 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ ایران سے درآمد کی جانے والی بجلی 31 روپے 73 پیسے فی یونٹ میں حاصل کی گئی۔ اکتوبر کے دوران 37 فیصد بجلی لائن لاسز کی نذر ہوگئی۔نیپرا بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست پر 26 نومبر کو سماعت کرے گا۔ منظوری کی صورت میں صارفین پر ایک ماہ کے دوران 30 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔
بجلی فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے مہنگی ہونے کا امکان، صارفین پر 30 ارب کا بوجھ
واپس خبروں پر
Category:
کامرس