لاہور( سپورٹس ڈیسک)سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چھٹے اور آخری لیگ میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ 387 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 331 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 386 رنز بنائے، جس میں اوپنر بین ڈکٹ کی 167 رنز کی شاندار اننگز نمایاں رہی۔دیگر بیٹرز میں ٹام بیٹن نے 74، ہیری بروک نے 44، جارڈ کاکس نے 43، ول جیکس نے 30 اور سیم کرن نے 21 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے 2 جبکہ دلشن مدھوشنکا، ایشان ملنگا اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں سری لنکن بیٹرز نے بڑے ہدف کے تعاقب کی بھرپور کوشش کی، تاہم ٹیم کامیاب نہ ہوسکی۔ پوون رتنائیکے نے 118 اور کپتان کوشل مینڈس نے 89 رنز بنائے، جبکہ اوشکا فرنینڈو 48، ساہان اراچیگے 30 اور جنتھ لیناگے 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سونی بیکر نے 2 اور سیم کرن، ہینری کروکومب اور جو روٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ انگلینڈ پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا تھا۔ سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل ہفتے کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔