کراچی ( شو بز ڈیسک) پاکستان کے سینئر اداکار فیصل قریشی کو جم میں اپنی جسمانی ساخت کی نمائش کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔اداکار نے جم سے اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ اپنے مسلز دکھا رہے ہیں۔ تصویر کے کیپشن میں انہوں نے بتایا کہ وہ 6 سال سے ورزش کررہے ہیں، تاہم 2 سال قبل انہیں غذائیت کی اہمیت اور اس کی طاقت کا حقیقی اندازہ ہوا۔فیصل قریشی نے لکھا کہ کامیابی کا تعلق صرف سخت ورزش کرنے سے نہیں بلکہ اس بات سے بھی ہے کہ آپ کیا کھاتے ہیں، کتنا اور کب کھاتے ہیں، اور آپ کے جسم کو کن چیزوں کی ضرورت ہے۔ مناسب ورزش، جسم کی بحالی اور ضروری وٹامنز بھی اس عمل کا اہم حصہ ہیں۔ان کے مطابق ان کی عمر میں نتائج حاصل کرنے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے، لیکن درست معلومات، مستقل مزاجی اور نظم و ضبط کے ساتھ کامیابی ممکن ہے۔اداکار کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔