کراچی ( شو بز ڈیسک) معروف اداکار معمر رانا کی اہلیہ مہناز نے لاہور کی فیملی کورٹ سے خلع حاصل کرلی، عدالت نے ان کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کردی۔فیملی کورٹ کے جج زاہد بشیر نے درخواست کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل خدیجہ صدیقی نے دلائل پیش کیے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ معمر رانا شراب نوشی کے بعد اہلیہ پر تشدد کرتے اور گالم گلوچ کرتے تھے۔ درخواست گزار کے مطابق اداکار نے متعدد مرتبہ بیٹیوں کے سامنے بھی نشے کی حالت میں نازیبا الفاظ استعمال کیے، جس سے بیٹیوں کو مبینہ طور پر ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔درخواست گزار نے بتایا کہ ان کی معمر رانا سے شادی 24 اکتوبر 1998 کو ہوئی تھی اور اس رشتے سے 2 بیٹیاں ہیں۔ ان کا یہ بھی مؤقف تھا کہ اداکار نے گھر کے اخراجات برداشت نہیں کیے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ اہل خانہ نے معمر رانا کے رویے میں بہتری لانے کی متعدد کوششیں کیں، تاہم انہوں نے علاج کروانے سے انکار کردیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ اب اس ازدواجی رشتے کو مزید جاری نہیں رکھ سکتیں، لہٰذا خلع کی ڈگری جاری کی جائے۔عدالت نے درخواست گزار کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے خلع کی ڈگری جاری کردی۔