کراچی ( شو بز ڈیسک) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ کسی بھی رشتے میں محبت حاصل کرنے کے لیے بھی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔اداکارہ اپنے یوٹیوب وی لاگز میں مداحوں کے ساتھ تجربات شیئر کرتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں اپنے ایک وی لاگ میں انہوں نے معاشرے کی تلخ حقیقت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اب لوگوں کو دوسروں کی اہمیت کا احساس اسی وقت ہوتا ہے جب ان پر پیسہ خرچ کیا جائے۔بشریٰ انصاری کے مطابق خونی رشتے بھی بے رحم ہوتے جا رہے ہیں اور عزیزوں سے محبت حاصل کرنے کے لیے بھی قیمت چکانا پڑتی ہے۔ اگر آپ رشتوں پر پیسہ خرچ کرتے رہیں اور انہیں مہنگے تحائف دیتے رہیں تو ہی تعلق برقرار رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں اور دوستوں کے معاملے میں بھی یہی صورتِ حال ہے۔ بچوں پر زیادہ خرچ کرنے سے وہ زیادہ خیال رکھتے ہیں، جبکہ دوستوں پر خرچ نہ کیا جائے تو وہ دور ہو جاتے ہیں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ مفاد پرست دوستوں کے درمیان ان کی زندگی میں چند ایسی مخلص دوستیاں بھی ہیں جنہوں نے کبھی ان سے کسی چیز کا مطالبہ نہیں کیا اور زندگی کے ہر مرحلے میں ان کا ساتھ دیا۔