اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان میں کھاد کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت کھادوں سے متعلق جائزہ کمیٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی قیمتوں، طلب، رسد اور دستیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں کھاد ڈیلرز کے خلاف آئندہ 7 روز کے دوران کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت پر کھاد فروخت کرنے والے ڈیلرز کے اجازت نامے منسوخ کیے جائیں گے، جبکہ ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کھاد کمپنیوں کو اپنے ڈیلرز کی جانب سے مقررہ قیمتوں پر فروخت اور کھاد کی فراہمی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈیلرز کی جانب سے اضافی قیمت وصول کرنے کی صورت میں متعلقہ کھاد کمپنیوں سے بھی وضاحت طلب کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں ڈی اے پی کھاد کی دستیابی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔اجلاس میں گندم کی کاشت کے موسم کے دوران کسانوں کو کھاد کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو کھاد کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
کھاد کی قیمتوں میں کمی کا امکان، زائد نرخوں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ
واپس خبروں پر
Category:
کامرس