اسلام آباد (پاکستان خبر) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اپنے مقاصد حاصل ہونے تک جاری رہے گا، جبکہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ پس پردہ رابطے ہوتے رہتے ہیں، تاہم باضابطہ طور پر مذاکرات کا کوئی سلسلہ جاری نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر راج اپنے طے شدہ مقاصد کی تکمیل تک برقرار رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کی مدد سے دہشت گردی کا ناسور ملک میں پھیل رہا ہے، جس کا سدباب انتہائی ضروری ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، تاہم اس جنگ میں کامیابی کے سوا کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں۔مولانا فضل الرحمان کے گورنر راج سے اختلاف کے حوالے سے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ انہیں اختلاف رائے کا پورا حق حاصل ہے اور حکومت ان کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی لڑائی نہیں بلکہ صرف سیاسی اختلاف ہے۔ جس طرح حکومت کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مؤقف سے اختلاف کا حق حاصل ہے، اسی طرح مولانا فضل الرحمان بھی اپنی رائے دے سکتے ہیں۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے پنجاب میں بدعنوانی سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ثبوت موجود نہ ہوں تو اس نوعیت کے الزامات عائد نہیں کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک حسین خود بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کے پاس اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت نہیں۔
خیبرپختونخوا میں مقاصد پورے ہونے تک گورنر راج برقرار رہے گا، رانا ثنا اللہ
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان