اسلام آباد (پاکستان خبر) کابینہ ڈویژن نے اکتوبر 2026ء کے دوران توشہ خانے میں جمع کرائے گئے تحائف کا ریکارڈ جاری کر دیا ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر سرکاری شخصیات کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔دستاویزات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو ٹی سیٹ، تسبیح، کراکری سیٹ، مالدیپ کی کشتی کا نمونہ، میز پر رکھنے والی گھڑی اور دیگر تحائف پیش کیے گئے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو کرسٹل کے چائے کے کپوں کا سیٹ، مقدس مقام سے متعلق تمغہ، بحرین کے روایتی بحری جہاز کا نمونہ اور ایک گھڑی تحفے میں دی گئی۔ریکارڈ کے مطابق چین میں پاکستان کے سفیر خالد ہاشمی کو 2 قیمتی موبائل فون جبکہ وزیراعظم کی بہو کو مالدیپ کا روایتی لباس بطور تحفہ دیا گیا۔کابینہ ڈویژن کی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2026ء میں موصول ہونے والے تمام تحائف توشہ خانے میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ حکومت 1997ء سے ستمبر 2026ء تک توشہ خانے کا ریکارڈ پہلے ہی عوام کے سامنے پیش کر چکی ہے۔