راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں پر جرمانے عائد کر دیے۔آئی سی سی کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جبکہ سری لنکن ٹیم پر 5 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مقررہ وقت میں دو اوورز جبکہ سری لنکا نے ایک اوور کم کیا۔ پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی اور سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔