تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر انعام دینے کے امریکی اعلان کے خلاف اقوام متحدہ اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کو خط لکھ دیا۔امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ ہفتے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر 2 کروڑ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا تھا، جس پر تہران نے عالمی اداروں سے رجوع کرلیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے خط میں اقوام متحدہ اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی سے امریکی اقدام کی مذمت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے خطرناک قرار دیا ہے۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ امریکی پیشکش سے جاسوسی اور تخریب کاری کے خدشات بڑھ سکتے ہیں، جبکہ ایرانی جوہری تنصیبات سے وابستہ سائنسدانوں اور عملے کو نشانہ بنائے جانے کا خطرہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے حفاظتی نگرانی کے نظام کی ساکھ متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل اس معاملے پر امریکا کو جواب دہ ٹھہرائیں، جبکہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی بھی اس معاملے کو اپنے بورڈ آف گورنرز کے سامنے اٹھائے۔
ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق امریکی انعامی اعلان پر تہران کا احتجاج
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں