اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے عالمی فضائی صنعت پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں دنیا بھر کی فضائی کمپنیوں کو کورونا وبا کے بعد سب سے بڑے مالی دھچکے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق مشرق وسطیٰ کی فضائی کمپنیوں کو 2026ء کے دوران 4.3 ارب ڈالر خسارے کا خدشہ ہے، جبکہ 2025ء میں اسی خطے کی فضائی کمپنیاں 7.2 ارب ڈالر منافع میں تھیں۔ جنگ کے بعد دنیا کی 20 بڑی فضائی کمپنیوں کی مجموعی مالیت میں 53 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مشرق وسطیٰ کی سیاحتی صنعت کو روزانہ 60 کروڑ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔جنگ کے باعث 46 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں قطر ایئرویز سب سے زیادہ متاثر ہونے والی فضائی کمپنی قرار دی گئی۔ جون سے اکتوبر کے دوران اس کی پروازوں میں 20 لاکھ نشستیں کم ہوئیں۔ایمریٹس گروپ کے منافع میں بھی 66 فیصد کمی ہوئی اور یہ گھٹ کر ایک ارب ڈالر رہ گیا، جبکہ مسافروں کی تعداد 22 فیصد کم ہوکر 2 کروڑ 18 لاکھ تک پہنچ گئی۔ جنگ کے ابتدائی دنوں میں ایمریٹس کی 1,581 پروازیں منسوخ ہوئیں، جس سے 6 لاکھ 44 ہزار سے زائد نشستیں متاثر ہوئیں۔اسی طرح اتحاد ایئرویز نے ابتدائی مرحلے میں 193 پروازیں منسوخ کیں، جبکہ بعد ازاں اس کے فضائی آپریشن میں 4 لاکھ 50 ہزار نشستوں کی کمی کردی گئی۔ ایران کی فضائی حدود 58 روز تک بند رہیں، جس کے باعث بین الاقوامی فضائی آمدورفت متاثر ہوئی۔تہران کا امام خمینی ہوائی اڈہ 25 اپریل کو دوبارہ کھول دیا گیا، تاہم وہاں فضائی سرگرمیاں تاحال محدود ہیں۔ جنگ کے اثرات بھارتی فضائی کمپنیوں پر بھی پڑے، ایئر انڈیا کے بین الاقوامی مسافروں کی تعداد میں 36 فیصد کمی ہوئی، جبکہ انڈیگو کی 500 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔دوسری جانب آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمت 80 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی، جس سے دنیا بھر میں فضائی آپریشنز کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا۔