اسلام آباد (پاکستان خبر)دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری بحرانوں کی بنیادی وجہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں ہیں، جن کے اثرات فلسطین کے علاوہ شام، لبنان اور دیگر ہمسایہ ممالک تک پھیل چکے ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ مکہ اتحاد کسی ملک کے خلاف قائم نہیں کیا گیا بلکہ اس کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں برسراقتدار جماعت کوئی بھی ہو، پاکستان کے واشنگٹن کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں۔ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات سمیت تمام شعبوں میں امریکی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی شہریوں کو ویزے جاری کرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان پاکستان کا دورہ کرنا چاہیں تو انہیں ویزا دینے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ان کے مطابق گزشتہ سال 9 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کے ویزے جاری کیے گئے، جبکہ رواں سال بھی 4 ہزار سے زیادہ سکھ یاتریوں کو ویزے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارت نے مئی 2025 کے بعد کرتارپور راہداری کے ذریعے زائرین کی آمدورفت روک رکھی ہے۔ بھارتی پابندیاں ختم ہوتے ہی پاکستان سکھ یاتریوں کے استقبال اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل معطل ہونے کے باوجود کرتارپور راہداری قائم کی۔ اس منصوبے پر اربوں روپے خرچ کیے گئے تاکہ سکھ برادری کو اپنے مقدس مقام تک رسائی اور آمدورفت کی تمام ضروری سہولتیں میسر آسکیں۔ترجمان کے مطابق پاکستان کو 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔ اجلاس میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت کے بعد ملکی قیادت کرے گی۔