واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ جنگ کے معاملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سیاسی فاصلہ اختیار کرنے کا تاثر دیتے ہوئے جنگ ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایران جنگ ری پبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کی اہم وجوہات میں شامل رہی، جبکہ امریکی عوام اسرائیل کے بجائے اپنے ملک کے مفادات کو ترجیح دینے کے خواہاں ہیں۔امریکی ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس نے ری پبلکن پارٹی کی انتخابی حکمت عملی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی انتخابی مہم کے دوران معاشی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں ناکام رہی۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی، عوامی اخراجات اور دیگر معاشی مشکلات ایسے اہم معاملات تھے جنہیں انتخابی مہم میں ترجیح دی جانی چاہیے تھی، تاہم ان مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔امریکی نائب صدر کے مطابق آنے والے دنوں میں انتخابی شکست کی وجوہات پر ری پبلکن پارٹی کے اندر اختلافات مزید کھل کر سامنے آسکتے ہیں۔جے ڈی وینس کے ان بیانات کو صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی سے متعلق اہم سیاسی اختلاف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے مؤقف سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران جنگ اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے معاملے پر ری پبلکن قیادت میں اختلافات مزید شدت اختیار کرسکتے ہیں۔
جے ڈی وینس کا ایران جنگ ختم کرنے پر زور، ٹرمپ سے اختلافات نمایاں
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں