اسلام آباد (پاکستان خبر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چوہدری سالک حسین کے حالیہ بیانات سے محسوس ہوتا ہے کہ مستقبل کی سیاست کے لیے نئی بساط بچھائی جا رہی ہے اور کسی متبادل انتظام کی راہ ہموار کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایسے بیانات کا مقصد موجودہ حکومت کی ساکھ متاثر کرنا ہے تاکہ نئے لوگوں کو سیاسی منظرنامے پر متعارف کرایا جا سکے۔ ان کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے بعض سرمایہ کار بھی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ اس معاملے میں اقربا پروری کا پہلو بھی خارج از امکان نہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے پیچھے کچھ لوگ سرگرم ہیں، تاہم وہ اس سے زیادہ تفصیلات نہیں بتانا چاہتے۔ یہ ان کا ذاتی مشاہدہ ہے، کوئی خفیہ اطلاع نہیں۔خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 8 سے 10 ماہ سے بعض سرمایہ دار اور سیاسی موقع پرست سرگرم ہیں، جو سیاسی میدان میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے بقول تقریباً 50 سال کی عمر کے بعض افراد اور سرمایہ کار مل کر نیا سیاسی گروپ تشکیل دینے کی کوشش میں ہیں، کیونکہ شاید انہیں توقع ہے کہ دو سال بعد عام انتخابات ہوں گے۔مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے اور مولانا کے درمیان کوئی طے شدہ سیاسی حکمت عملی نہیں چل رہی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کے خلاف مقدمات موجود ہیں، اگر حکومت یہ مقدمات واپس لے لیتی ہے تو پھر سیاسی سمجھوتے کے الزامات میں وزن پیدا ہو سکتا ہے، تاہم انہوں نے کبھی ایسی کوئی سیاسی سودے بازی نہیں کی۔خواجہ آصف نے کہا کہ بدعنوانی پورے ملک کا مسئلہ ہے اور اسے صرف پنجاب تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ عام شہری روزمرہ زندگی میں اس کا سامنا کرتا ہے۔چوہدری سالک حسین کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری خاندان قابل احترام ہے، تاہم ان کے مؤقف کے پیچھے خاندانی تعلقات یا اقربا پروری کا عنصر بھی ہو سکتا ہے۔
خواجہ آصف کا متبادل سیاسی گروپ کی تیاری کا عندیہ، نئی بساط بچھنے لگی
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان