کراچی (کامرس ڈیسک) شہر میں مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 450 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے، جبکہ بعض مقامات پر اس کی قیمت 500 سے 520 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ایل پی جی مارکیٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر علی حیدر کا کہنا ہے کہ گیس کی فراہمی میں بہتری آنے سے قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ اگر سپلائی کا موجودہ سلسلہ برقرار رہا تو پیر تک ایل پی جی کی قیمت 425 روپے فی کلو ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری کمپنیوں کی جانب سے درآمدی ایل پی جی تاحال مقامی مارکیٹ میں فراہم نہیں کی گئی۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مقررہ شیڈول کے مطابق گیس کی عدم فراہمی اور ایل پی جی کی بھاری قیمتوں نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔