کراچی (کامرس ڈیسک) پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت 509.86 روپے فی کلو مقرر کردی، جس کے بعد شہر میں گیس کے نرخوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔شہر میں اس وقت 450 روپے فی کلو فروخت ہونے والی ایل پی جی کی قیمت سرکاری کمپنی کی جانب سے مقرر کردہ نئے نرخ کے باعث بڑھ سکتی ہے۔ ایل پی جی ڈیلرز نے پی ایس او کی جانب سے بلند قیمت مقرر کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ڈیلرز کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے قیمتوں کے تعین کے اختیارات پی ایس او کو منتقل کرنے کے باوجود نرخ کم ہونے کے بجائے بڑھ گئے ہیں۔ پی ایس او کی ویب سائٹ پر ایل پی جی کی قیمت 509 روپے فی کلو ظاہر کی گئی ہے۔چیئرمین عمران فاروقی نے کہا کہ کراچی کے تقسیم کار صارفین کو 440 سے 450 روپے فی کلو کے حساب سے ایل پی جی فراہم کر رہے ہیں، تاہم 509 روپے کی قیمت مقرر کرنے سے مارکیٹ میں مہنگائی بڑھانے کا جواز پیدا ہوگا۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ نئے نرخوں کے اعلان سے ناجائز منافع خوری کو فروغ ملے گا، جس کے نتیجے میں پہلے ہی مہنگائی سے پریشان شہریوں پر مزید مالی بوجھ پڑے گا۔