اسلام آباد (کامرس ڈیسک) قومی بچت نے مختلف بچت اسکیموں پر منافع کی شرح میں تبدیلی کردی ہے، جس کے تحت بعض سرٹیفکیٹس کے منافع میں اضافہ جبکہ چند اسکیموں کی شرحیں برقرار رکھی گئی ہیں۔ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس کے پہلے 5 منافعوں کی شرح 11.8 فیصد مقرر کردی گئی ہے، جبکہ چھٹے منافع کی شرح 12.8 فیصد پر برقرار ہے۔ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔اعلامیے کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح 12.12 فیصد، جبکہ بہبود، پنشنرز اور شہدا فیملی اکاؤنٹس پر شرح 12.96 فیصد برقرار رکھی گئی ہے۔شارٹ ٹرم سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد 3 ماہ کی مدت کے سرٹیفکیٹس پر شرح 11.56 فیصد، 6 ماہ پر 11.90 فیصد اور ایک سالہ سرٹیفکیٹس پر 12.14 فیصد ہوگئی ہے۔قومی بچت کے عام سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 10.50 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ سروا اسلامی ٹرم اکاؤنٹ کے ایک سالہ منصوبے پر شرح 12.04 فیصد اور سروا اسلامی ٹرم سرٹیفکیٹ کے 3 سالہ منصوبے پر 11.98 فیصد کردی گئی ہے۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سروا اسلامی ٹرم سرٹیفکیٹ کے 5 سالہ منصوبے کی شرح 12.12 فیصد پر برقرار ہے، جبکہ سروا اسلامی سیونگ اکاؤنٹ کی متوقع منافع شرح 12.04 فیصد ہوگئی ہے۔