کراچی ( کامرس ڈیسک)ملک بھر میں ستمبر 2026 کی ماہانہ ایندھن قیمتوں میں ردوبدل کے تحت بجلی 2 روپے 37 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی صارفین پر ہوگا اور اس کا اثر نومبر کے بجلی کے بلوں میں ظاہر ہوگا۔واضح رہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ستمبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا نے 2 روپے 37 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔دوسری جانب نیپرا نے صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے اضافی بجلی استعمال کرنے پر دیے جانے والے رعایتی نرخوں میں بھی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔نیپرا کے فیصلے کے مطابق اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ رعایت 2 روپے 32 پیسے تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ منظوری اور عمل درآمد کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔وفاقی حکومت اس وقت صنعتی اور زرعی صارفین کو اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ 11 سے 15 روپے تک رعایت فراہم کر رہی ہے۔ نئے فیصلے کے تحت اضافی بجلی کے استعمال کا نرخ 22 روپے 98 پیسے سے بڑھا کر 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ کرنے کی تجویز ہے، جس کا اطلاق نومبر 2026 کے بلنگ مہینے سے ہوگا۔نیپرا کا یہ فیصلہ چیئرمین کے فیصلہ کن ووٹ کی بنیاد پر کیا گیا، جبکہ اتھارٹی کے دو ارکان آمنہ احمد اور مقصود انور خان نے اختلافی نوٹ تحریر کرتے ہوئے 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ کے نرخ کو بے بنیاد قرار دیا۔