ڈھاکا (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے میدان میں حالیہ عرصے کے دوران مصافحے کے تنازعات کے برعکس فٹبال کے کھلاڑیوں نے کھیل کی حقیقی روح کا مظاہرہ کرتے ہوئے باہمی احترام اور دوستی کی نئی مثال قائم کردی۔ڈھاکا میں 5 نومبر کو ساف چیمپئن شپ کے افتتاحی مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے دی، تاہم میچ کے نتیجے سے قطع نظر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے کھیل سے پہلے اور اختتام پر ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا اور خوشگوار انداز میں ملاقات کی۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا یہ دوستانہ رویہ خاص طور پر اس لیے توجہ کا مرکز بنا کیونکہ حالیہ پاک بھارت کرکٹ مقابلوں میں ایک دوسرے سے مصافحہ نہ کرنے کا معاملہ مسلسل خبروں میں رہا ہے۔ 2025ء کے ایشیا کپ میں بھی بھارتی کرکٹرز نے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا۔فٹبال کے برعکس رویے کی ایک مثال بھارتی کوچ نوشاد موسیٰ نے بھی پیش کی، جنہوں نے مقابلے سے قبل کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر وہ پاکستانی کھلاڑیوں کو گلے لگانے کے لیے بھی تیار ہیں۔بھارتی کپتان نیتھن روڈریگز نے بھی مصافحے کو معمول کی بات قرار دیا، جبکہ پاکستانی کپتان عالمگیر غازی کا کہنا تھا کہ یہ کرکٹ نہیں بلکہ فٹبال ہے، اسی لیے اسے خوبصورت کھیل کہا جاتا ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے ساف چیمپئن شپ میں زیادہ تر نوجوان اور متبادل کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میدان میں اتاری ہے۔
پاک بھارت فٹبالرز کی خوشگوار ملاقات، کھیل کے میدان میں دوستی کی نئی مثال قائم
واپس خبروں پر
Category:
کھیل