اسلام آباد (پاکستان خبر) پاکستان اور سوڈان نے داخلی سلامتی، پولیس کی تربیت، ادارہ جاتی روابط، قومی شناختی نظام اور سائبر جرائم کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ سائبر جرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات کے لیے جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔اس حوالے سے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مذاکرات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوڈان میں امن و استحکام کے قیام اور تعمیر نو کے عمل میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے بتایا کہ قومی ادارہ برائے اندراج و شناخت (نادرا) کی معاونت سے سوڈان میں اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائش کے سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ اموات کے سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان آئندہ بھی سوڈان کو شہری اندراج اور نادرا کے نظام سے متعلق تکنیکی معاونت فراہم کرتا رہے گا۔سوڈانی وزیر داخلہ کی جانب سے نشاندہی پر محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزوں سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جبکہ سوڈانی شہری پاکستان میں معیاری طبی سہولیات سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے صحت کے شعبے میں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر سوڈان کے وزیر داخلہ نے سائبر جرائم کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان تمام شعبوں میں اس کے ساتھ تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت پر شکریہ بھی ادا کیا۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ادارے اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان سمیت اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
پاکستان اور سوڈان میں سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان