لاہور ( سپورٹس ڈیسک)قومی ہاکی ٹیم عالمی کپ میں شرکت کے لیے لاہور کے علامہ اقبال بین الاقوامی ہوائی اڈے سے نیدرلینڈز اور بیلجیم روانہ ہوگئی۔ہاکی عالمی کپ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیم میں منعقد ہوگا، جس میں پاکستان کی قومی ٹیم بھی حصہ لے گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عالمی کپ سے قبل کھلاڑیوں کو 2 کروڑ روپے کا غیرملکی یومیہ الاؤنس جاری کردیا ہے، جس کی رقم کھلاڑیوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کردی گئی ہے۔فیڈریشن کے مطابق قومی ٹیم کے سفر، قیام اور کھانے سمیت تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں اور کوچز کے لیے دیگر ضروری انتظامات بھی حتمی شکل اختیار کرچکے ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے کہا کہ کھلاڑیوں اور کوچز کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے، جبکہ ٹیم کی روانگی سے قبل تمام مالی اور انتظامی معاملات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔قومی ہاکی ٹیم عالمی کپ میں بہتر کارکردگی دکھانے اور کامیابی حاصل کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔