اسلام آباد ( کامرس ڈیسک) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے، جس کے لیے مالیاتی نظم و ضبط، برآمدات میں اضافہ اور نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسی مالیاتی جدت کی ضرورت ہے جو کاروباری لاگت کم کرنے اور زیادہ افراد کو باضابطہ معیشت کا حصہ بنانے میں مدد دے۔ ڈیجیٹل اثاثوں کو مالیاتی نظام میں حقیقی معاشی فوائد اور کاروباری سہولت کی بنیاد پر جگہ ملنی چاہیے۔وزیر خزانہ کے مطابق ڈیجیٹل جدت مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانے اور کاروباری سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کا ذریعہ ہونی چاہیے۔ بلاک چین نیٹ ورکس پر ادارہ جاتی صارفین کے لیے ڈپازٹ ٹوکنز کا استعمال اس کی عملی مثال ہے۔ بینک فار انٹرنیشنل سیٹلمنٹس کا پراجیکٹ اگورا ٹوکنائزڈ بینک ڈپازٹس کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ مرکزی بینک ذخائر کے ذریعے سرحد پار ادائیگیوں کے امکانات پر غور کررہا ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے دور میں رقوم کا تحفظ اور خطرات سے نمٹنا بینکوں کی اہم ذمہ داری ہے، جبکہ صارفین کو خدمات کی فراہمی میں بھی ان کا بنیادی کردار ہے۔انہوں نے بتایا کہ ورچوئل اثاثہ جات ایکٹ 2026 کے تحت پاکستان میں قانونی فریم ورک قائم کیا گیا ہے اور پیوارا ورچوئل اثاثہ خدمات فراہم کرنے والوں کی لائسنسنگ اور نگرانی کی ذمہ دار ہے۔ اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی بھی ڈیجیٹل اثاثوں کے ضابطہ جاتی نظام کی تشکیل میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ غیر پشت پناہی یافتہ کرپٹو اثاثوں کے خطرات مختلف نوعیت کے ہیں، اس لیے ریگولیٹری نظام میں ہر قسم کے ڈیجیٹل اثاثے اور ان سے وابستہ معاشی سرگرمیوں کو الگ الگ مدنظر رکھنا ہوگا۔