اسلام آباد (کامرس ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاکستان میں مقیم نمائندے ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے خبردار کیا ہے کہ درمیانی مدت کے دوران درآمدات میں اضافے اور ترسیلات زر کی رفتار سست ہونے سے پاکستان کی مالیاتی صورتحال کمزور پڑ سکتی ہے، اس لیے ملک کو معاشی تحفظ یقینی بنانے کے لیے اپنے مالیاتی ذخائر اور وسائل مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔پاکستان پراسپیرٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے کہا کہ پاکستان نے معاشی استحکام کے حصول کی جانب پیش رفت کی ہے، تاہم اس استحکام کو پائیدار ترقی اور خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے مسلسل، منصفانہ اور مرحلہ وار اصلاحات ناگزیر ہیں۔انہوں نے اس سوال پر واضح مؤقف اختیار نہیں کیا کہ آیا پاکستان موجودہ 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کی مدت مکمل ہونے کے بعد آئندہ 5 سال تک کسی نئے پروگرام سے بچنے میں کامیاب ہوسکے گا یا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش بنیادی معاشی مسائل میں انسانی اور طبعی سرمائے پر کم سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ سرمایہ کاری کی کمی سے پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے، جبکہ محدود سرمایہ کاری، کمزور پیداواری استعداد اور برآمدات میں کمی ایک دوسرے کے مسائل میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی برآمدات مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً 10 فیصد تک محدود ہوچکی ہیں، جبکہ ملک کی بڑی افرادی قوت اب بھی کم پیداواری شعبے یعنی زراعت سے وابستہ ہے۔ڈاکٹر ماہیر بنیشی نے کہا کہ پاکستان کا جاری کھاتوں کا خسارہ ملکی معاشی ڈھانچے اور بچت و سرمایہ کاری کے درمیان فرق سے مطابقت رکھتا ہے۔ مالیاتی اور بیرونی شعبوں میں استحکام لانے کے لیے ٹیکس، تجارتی پالیسی اور بیرونی معیشت سے متعلق اصلاحات ضروری ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو ٹیکس کا ایسا وسیع، مستحکم اور قابل پیش گوئی نظام تشکیل دینا ہوگا جو طویل المدتی معاشی استحکام کی بنیاد بن سکے۔
پاکستان کو معاشی تحفظ کیلئے ذخائر مضبوط بنانے ہوں گے، آئی ایم ایف کی تنبیہ
واپس خبروں پر
Category:
کامرس