راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 303 رنز کا ہدف دے دیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور فخر زمان پہلی ہی گیند پر گس اٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، جبکہ صائم ایوب 8 رنز بنا کر سونی بیکر کا شکار بنے۔بابر اعظم نے 34، سعد بیگ نے 35 اور گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے سلمان علی آغا نے 16 رنز اسکور کیے۔ 133 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔اس موقع پر حسن نواز نے 79، عرفات منہاس نے 59 اور فہیم اشرف نے 39 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط مجموعے تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ اختتامی لمحات میں شاہین آفریدی نے 10 اور حارث رؤف نے 4 رنز بنائے، جس کے نتیجے میں پاکستان نے 302 رنز اسکور کیے۔انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس اٹکنسن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ول جیکس، جیمی اوورٹن، عادل رشید اور سیم کرن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔