راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹاس ہارنے اور خراب موسم کے باعث 140 اوورز ضائع ہونے کے باوجود پاکستان نے میچ کے بیشتر حصوں میں برتری برقرار رکھی۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹاس ہارنے کے بعد ابر آلود موسم اور خراب روشنی میں بیٹنگ کرنا آسان نہیں تھا، تاہم کھلاڑیوں نے مشکل حالات میں بھی عمدہ کھیل پیش کیا۔ انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو پر 7 وکٹیں حاصل کرنے والے ثاقب خان سمیت نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کو سراہا۔ان کا کہنا تھا کہ طیب عارف نے پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ کی، جبکہ محمد طحہ نے دونوں اننگز میں دباؤ کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ عرفات منہاس کی نصف سنچری اور ثاقب خان کی شاندار بولنگ بھی قابلِ تعریف رہی۔ہیڈ کوچ نے وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 6 کیچز پکڑنے کے علاوہ وکٹوں کے پیچھے اعلیٰ معیار کی وکٹ کیپنگ کی اور بیٹنگ میں بھی اہم رنز بنائے۔سعود شکیل کے بار بار 90 رنز کے قریب آکر سنچری مکمل نہ کر پانے سے متعلق سوال پر مائیک ہیسن نے کہا کہ وہ ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ 90 رنز تک پہنچنا بھی اچھی بیٹنگ ہے اور وہ اسے کوئی مسئلہ نہیں سمجھتے، کیونکہ بعض اوقات پچ اور کھیل کے حالات بھی بلے باز کی کارکردگی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔بابر اعظم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں 50 سے زائد کی اوسط سے رنز بنا رہے ہیں اور 10 سے زیادہ اننگز کھیلنے والے کھلاڑیوں میں ان کی اوسط سب سے بہتر ہے، اس لیے ان کی کارکردگی کو مسئلہ قرار دینا مناسب نہیں۔مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ مستقبل میں پاکستان میں ٹیسٹ میچز کے انعقاد کیلئے گلابی گیند کے استعمال پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔