تازہ ترین
سندھ کے تمام میئرز نے نئے صوبوں کی تجاویز مسترد کردیں محسن نقوی کی منصورہ آمد، امیر جماعت اسلامی سے اہم امور پر مشاورت شہباز شریف پانچ سال پورے کریں، پی ٹی آئی کو انگیج کرنا ہوگا: بلاول نئے صوبوں پر پیپلز پارٹی نہ مانی تو بھی راستہ نکلے گا: خواجہ آصف میں جارج بش نہیں، ایران کو جوہری طاقت نہیں بننے دیں گے: ٹرمپ ایران مذاکرات کا خواہاں، مگر امریکی شرائط ماننے کو تیار نہیں کریمیا پل پر حملہ، پیوٹن کا یوکرین سے مذاکرات کا انکار روس کی پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش ایس آئی ایف سی کا فارماسیوٹیکل برآمدات اور ویکسین سازی میں خودکفالت کا عزم ملک بھر میں دسمبر سے بجلی 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا خدشہ اوگرا نے جیٹ فیول، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل سستا کر دیا، نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، سرمایہ کاروں کو اربوں منافع سعودی عرب میں کرکٹ تیزی سے فروغ پارہی: آفریدی پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹس، رضوان، صائم اور شان باہر انگلینڈ کو بڑا دھچکا، کپتان ہیری کین زخمی ہوکر باہر بال ٹیمپرنگ تنازع: جوش ہیزل ووڈ پیٹ کمنز کے حامی
پاکستان خبر

رواں مالی سال ترسیلات زر 45 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان، اسٹیٹ بینک

رواں مالی سال ترسیلات زر 45 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان، اسٹیٹ بینک

کراچی (کامرس ڈیسک) اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کو 45 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہونے کا تخمینہ ہے۔کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں گرین پیک انٹرنیشنل اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ ’ری سیٹ 2.0، ریٹیل بینکنگ اینڈ اسمال بزنس کانفرنس‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سرمایہ کاری کی بہتر مصنوعات دستیاب نہ ہونے کے باعث ترسیلات زر کا سرمایہ عموماً رئیل اسٹیٹ اور دیگر شعبوں میں منتقل ہوجاتا ہے۔ بینکوں کو اس جانب بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی کے متعدد پلیٹ فارمز اس سلسلے میں امید کی کرن ہیں۔ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران پاکستان کے بینکاری شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، تاہم کئی مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔ ملک کی حقیقی مجموعی قومی پیداوار میں اضافے کے لیے بینکاری شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ زراعت سمیت بعض شعبوں کی شرح نمو اب بھی 2.5 فیصد سے زیادہ نہیں ہوپارہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 سال میں پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کیا، تاہم اس کی قیمت کم شرح نمو اور بے روزگاری کی صورت میں ادا کرنا پڑی۔ اس عرصے میں مجموعی قومی پیداوار کی اوسط شرح نمو محض 2.1 فیصد رہی۔ ان کے مطابق معاشی استحکام نے ترقی کی بنیاد فراہم کردی ہے اور اب ایسی حکمت عملی درکار ہے جو معاشی سرگرمیوں کو تیز کرسکے۔ رواں مالی سال کے باقی 8 ماہ میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو فروغ دینا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔سلیم اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود 29 لاکھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بینکوں سے قرضوں کی سہولت حاصل نہیں۔ زراعت اور چھوٹے کاروباروں پر توجہ دی جائے تو بینکاری کے لیے نئی مصنوعات خود سامنے آئیں گی۔ کوئی بھی کاروبار اسی وقت ترقی کرسکتا ہے جب اس کے صارفین کی قوت خرید اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں۔انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ منافع ضرور کمائیں، لیکن صرف صارفین کے کھاتوں کی بنیاد پر آمدن بڑھانے کے بجائے ایسی مصنوعات متعارف کرائیں جو صارفین کے لیے حقیقی فائدے کا باعث بنیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو فرخ سبزواری نے کہا کہ نوجوان نسل کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے روکنے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل کو سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے دیں۔ان کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ماہانہ اوسطاً 25 ہزار نئے اکاؤنٹس کھولے جارہے ہیں، جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد تقریباً 5 ہزار ماہانہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کے والدین نے 1998 اور 2008 کے مالیاتی بحرانوں میں نقصان اٹھایا، جس کے باعث وہ اپنے بچوں کو سرمایہ کاری سے محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔فرخ سبزواری نے بتایا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سہولت اکاؤنٹ صرف 7 منٹ میں کھولا جاسکتا ہے اور اس میں دستاویزات سے متعلق پیچیدگیاں نہیں ہیں۔ عام اکاؤنٹس میں انسداد منی لانڈرنگ اور صارفین کی شناخت سے متعلق تقاضوں کے مسائل درپیش ہوتے ہیں، جنہیں حل کرنے کے لیے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور اسٹیٹ بینک کے ساتھ کام جاری ہے۔بینک الفلاح کے صدر اور چیف ایگزیکٹو عاطف باجوہ نے کہا کہ 10 سال قبل پاکستان کا بینکاری شعبہ کافی پیچھے تھا، تاہم موجودہ اعداد و شمار ترقی کی نشاندہی کرتے ہیں اور مجموعی قومی پیداوار میں بھی بہتری آئی ہے۔انہوں نے بینکاری شعبے میں بڑھتے ہوئے منافع پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بینک متعدد مصنوعات متعارف کراتے ہیں، لیکن اکثر ان کی توجہ صارفین کی ضروریات کے بجائے اپنے مالی اہداف اور منافع پر ہوتی ہے۔ ان کے بقول موجودہ حالات میں کرنٹ اکاؤنٹس بینکوں کے لیے خاصے منافع بخش ہیں، تاہم صارفین کو ایسے کھاتے کھلوانے کا مشورہ دینا ان کے بجائے بینکوں کے فائدے کا باعث بن سکتا ہے۔عاطف باجوہ نے کہا کہ روایتی اور اسلامی بینکوں کے منافع کے مارجن میں فرق سمیت کئی معاملات کا تفصیلی جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔وفاقی مشیر خزانہ برائے خصوصی اقدامات عدنان پاشا نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے چھوٹے کاروباروں اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی ناگزیر ہے۔ جب رسمی بینکاری نظام سے قرض نہیں ملتا تو لوگ غیر رسمی ذرائع اختیار کرتے ہیں، جس سے پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں رہتی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کے زرخیزی پروگرام کے تحت ہر کسان کو بینک اکاؤنٹ فراہم کیا جاچکا ہے۔ حکومت بینکوں کو خطرات کم کرنے میں مدد دینے کے ساتھ انہیں کاروبار کے نئے مواقع بھی فراہم کررہی ہے۔ اس سلسلے میں اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے بھی بات چیت جاری ہے تاکہ بینکوں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے چھوٹے کاروباروں کی مالی ضروریات پوری کی جاسکیں۔عدنان پاشا نے کہا کہ آئندہ سال زرخیزی 2.0 پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کے تحت بینکوں کو قرضوں کے خطرات میں شراکت داری کرنا ہوگی اور صرف مالی مصنوعات متعارف کرانے کے بجائے پیداوار میں اضافے پر توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم قرض تک رسائی پروگرام کا ہر ماہ جائزہ لیتے ہیں اور پالیسیوں کا تسلسل ہی قرضوں کی فراہمی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ زراعت کے شعبے میں بینکوں کے تعاون سے زرعی قرضوں کا حجم 2 ہزار ارب روپے تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔