لاہو ر(پاکستان خبر) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کا جواب نہیں دے سکتے تو وزارتوں سے استعفے دے کر گھر چلے جائیں۔عظمیٰ بخاری نے چوہدری سالک حسین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی گفتگو سے محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں۔ ٹی وی پر بیٹھ کر تقریریں کرنے کے بجائے انہیں استعفیٰ دے کر اپوزیشن میں بیٹھ جانا چاہیے۔صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چوہدری خاندان کی وضع دار سیاست کو 2 نااہل بچوں، مونس اور سالک، نے شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جس شریف خاندان نے چوہدری برادران کو آگے بڑھایا، اسے دھوکا دینے کی تاریخ رقم کی جارہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خواتین کی تضحیک کرنے والا شخص وضع دار سیاست دان نہیں ہوسکتا۔ ان کے بقول چوہدری سالک کی گفتگو میں شائستگی کے بجائے غیر سنجیدہ انداز نمایاں ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ چوہدری سالک حسین گزشتہ ایک ہفتے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کا جواب دینے سے قاصر ہیں۔ اگر وہ جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں تو انہیں وزارتوں سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔پنجاب کی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ایک طرف کرپشن کے الزامات لگائے جاتے ہیں اور دوسری جانب ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز بھی طلب کیے جاتے ہیں، ایسی دوہری سیاست اب نہیں چلے گی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گجرات کو وہ ترقیاتی منصوبے اور حقوق دیے ہیں جو گزشتہ 50 برس کے دوران چوہدری برادران اپنے آبائی علاقے کو نہیں دے سکے۔ عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز نے جتنے کام کیے ہیں، چوہدری سالک حسین کی 3 نسلیں بھی اتنے کام نہیں کرسکتیں۔
نوٹس کا جواب نہیں دے سکتے تو وزارتوں سے استعفے دے کر گھر جائیں، عظمیٰ بخاری
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان