لاہور (پاکستان خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا فوری جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنا حکومت کا ہدف ہے۔ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کی مہم کو مؤثر بنانے کے لیے کرائم سرویلنس یونٹ قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا اور جرائم کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اچھے اور برے افراد ہر شعبے میں موجود ہوتے ہیں، تاہم چند افراد کی غلطیوں کی بنیاد پر پوری پولیس فورس کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ چند اہلکاروں کے طرزعمل کی وجہ سے پوری فورس کی کارکردگی پر سوالات اٹھانا درست نہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مؤثر اصلاحات کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں کمی خوش آئند پیش رفت ہے، حکومت صوبے کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔