لزبن (سپورٹس ڈیسک) پرتگال فٹ بال فیڈریشن نے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو پر تربیتی کیمپ چھوڑنے کے معاملے میں 30 روزہ پابندی عائد کرنے کے ساتھ 255 یورو جرمانہ بھی کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ رونالڈو نے ٹیم میں اپنے کردار پر کوچ جارجے ژیزس سے اختلاف کے بعد رواں ماہ ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ کے میچ سے قبل کوپن ہیگن میں پرتگال کا تربیتی کیمپ چھوڑ دیا تھا۔اس سے قبل ناروے کے خلاف میچ میں رونالڈو کو متبادل کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا، تاہم انہیں میدان میں اترنے کا موقع نہیں ملا۔ رونالڈو نے الزام لگایا تھا کہ کوچ جارجے ژیزس نے ٹیم میں ان کے کردار سے متعلق دو مرتبہ اپنا وعدہ پورا نہیں کیا، تاہم کوچ نے کسی معاہدے کی موجودگی سے انکار کیا تھا۔پرتگال فٹ بال فیڈریشن کی تادیبی کونسل نے رونالڈو کے خلاف الزام برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا کہ انہوں نے جان بوجھ کر فیڈریشن کے تادیبی ضوابط کی شق 160(1) کی خلاف ورزی کی۔ معاملے میں کارروائی 9 اکتوبر کو شروع کی گئی تھی۔فیڈریشن نے اپنے بیان میں واضح نہیں کیا کہ 30 روزہ پابندی کن میچوں یا سرگرمیوں پر لاگو ہوگی اور آیا عارضی پابندی کے تحت پہلے سے گزارا گیا وقت سزا میں شمار کیا جائے گا یا نہیں۔رونالڈو نے ناروے کے خلاف میچ کے بعد شائقین کو نظرانداز کرنے اور ساتھی کھلاڑیوں کو چھوڑ کر چلے جانے پر معذرت بھی کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سزا پوری کرنے کے بعد وہ قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔پرتگال فٹ بال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا نے کہا ہے کہ معاملہ حل ہونے کے بعد فیڈریشن میں ہر شخص رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کا خواہش مند ہے۔