لاہور (سپورٹس ڈیسک)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی میزبانی میں لاہور کے تاریخی شاہی قلعے میں ٹرائی نیشن سیریز میں شریک پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔محسن نقوی نے عالمگیری دروازے پر مہمانوں کا استقبال کیا، جنہیں بادشاہی مسجد، مزارِ اقبال اور حضوری باغ کی سیر بھی کرائی گئی۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز نے دیوانِ خاص، دیوانِ عام، بارود خانہ اور شیش محل کا دورہ کیا اور تاریخی مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔مغلیہ دور کے لباس میں ملبوس دربانوں نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا، جبکہ ڈھولچی گروپ کی پرفارمنس نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے رنگیلا رکشے کی سواری سے بھی لطف اٹھایا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ تمام مہمان پاکستان کے خصوصی مہمان ہیں۔ پاکستان ایک پُرامن اور محفوظ ملک ہے اور پاکستانی قوم کرکٹ سے خصوصی لگاؤ رکھتی ہے۔غیر ملکی کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز نے شاہی قلعے کی سیر کو یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخی مقامات دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی اور وہ لاہور سے اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔تقریب میں سری لنکن سفارتکاروں، چیف سیکرٹری پنجاب، سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف، رمیز راجہ، سابق کرکٹرز اور پی سی بی و پی ایس ایل کے حکام نے بھی شرکت کی۔