واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے اہم جزیرے قشم پر دوبارہ حملہ کیا ہے۔اخبار کے مطابق امریکی حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حالیہ ہفتوں کے دوران ایران کے خلاف واشنگٹن کی جانب سے کی جانے والی محدود اور غیر اعلانیہ کارروائیوں کا تازہ واقعہ ہے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران میں کیے گئے حملے دفاعی نوعیت کے ہیں، جن کا مقصد تہران کو آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے سے روکنا ہے۔اس سے قبل ایرانی میڈیا نے بھی اسٹریٹجک اہمیت کے حامل جزیرہ قشم اور آبنائے ہرمز کے اطراف میں شدید دھماکوں کی خبریں دی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق قشم میں یکے بعد دیگرے 5 زور دار دھماکے ہوئے، جن کی شدت سے قریبی عمارتیں لرز اٹھیں۔ مقامی افراد نے فضا میں نامعلوم جنگی طیاروں کی پروازیں دیکھنے کا دعویٰ بھی کیا۔دھماکوں کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ جزیرہ قشم کے جنوب میں جدید الیکٹرانک جنگی نظام کے ذریعے امریکا کے 2 ایم کیو ایم ون سیون زیرو جاسوس ڈرونز کو ناکارہ بنا کر قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک امریکی ایم کیو نائن ریپر ڈرون بھی مار گرایا گیا۔
امریکا کا ایران کے جزیرہ قشم پر ایک بار پھر حملہ، دھماکوں کی اطلاعات
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں