واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عالمی قوانین کے مبینہ سیاسی استعمال پر تنقید کرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت کو خبردار کیا ہے کہ امریکا پر ایسے قانونی ضابطے نافذ کرنے کی کوشش نہ کی جائے جنہیں واشنگٹن تسلیم نہیں کرتا۔فیڈرلِسٹ سوسائٹی کے قومی وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کو بعض بااثر حلقے اپنے مفادات کے حصول کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے عالمی فوجداری عدالت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت رکھنے والوں کو قانون کا درس دینے سے گریز کرنا چاہیے۔روبیو نے الزام لگایا کہ نیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت امریکا پر ایسے قانونی اصول لاگو کرنے کی کوشش کر رہی ہے جنہیں واشنگٹن نے قبول نہیں کیا۔امریکی وزیر خارجہ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا نے تقریباً ایک ماہ قبل عالمی فوجداری عدالت کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا اور اس کے کام کو شدید متاثر کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔عالمی فوجداری عدالت سنگین جرائم اور مظالم کے الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔ یہ ادارہ ایسے معاملات میں آخری قانونی فورم کے طور پر کام کرتا ہے جہاں متعلقہ ممالک میں احتساب کے لیے مؤثر عدالتی نظام موجود نہ ہو۔امریکا نے عالمی فوجداری عدالت کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط تو کیے تھے، تاہم روم معاہدے کی توثیق نہ کرنے کے باعث وہ اس کا رکن نہیں بنا۔ اسرائیل، روس اور چین بھی اس عدالت کے رکن ممالک میں شامل نہیں ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کی عالمی فوجداری عدالت پر تنقید، تسلیم نہ کیے گئے قوانین مسلط کرنے سے خبردار
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں