لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے امریکی انتظامیہ سنجیدہ ہے اور کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے قطری وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے امریکی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور واشنگٹن تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج مستقبل میں امریکی پالیسی پر اثرانداز ہوسکتے ہیں، تاہم انتخابی شکست کے باوجود امریکی انتظامیہ کی سفارتی حل تلاش کرنے کی خواہش میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کے مطابق حالیہ دنوں میں سفارتی رابطوں کی رفتار ضرور سست ہوئی ہے، لیکن مذاکرات اور رابطوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔قطری وزیراعظم نے واضح کیا کہ قطر، ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مکمل امن معاہدے کا انتظار کرنے کے بجائے کشیدگی میں کمی لانے کے لیے فوری طور پر قابل عمل معاہدہ طے کرنا ضروری ہے۔