سڈنی (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے 2023 کی ایشز سیریز کے دوران لارڈز ٹیسٹ میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جونی بیئرسٹو کے متنازع رن آؤٹ کے بعد میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے ایک رکن نے ان کے خلاف نسل پرستانہ جملے استعمال کیے تھے۔عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت ’صبر‘ میں واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے لکھا کہ لنچ کے وقفے کے دوران جب آسٹریلوی کھلاڑی پویلین واپس آرہے تھے تو لارڈز کے لانگ روم میں موجود بعض ایم سی سی ارکان نے ان کے اور ساتھی کھلاڑیوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی اور گالیاں دیں۔اسکائی اسپورٹس کی نشر کردہ فوٹیج میں بھی عثمان خواجہ کو ایک رکن کے سامنے رک کر گفتگو کرتے دیکھا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں انہوں نے ایک دوسرے رکن کی نشاندہی کرتے ہوئے اسٹیورڈز کو اس کے نامناسب رویے سے آگاہ کیا۔عثمان خواجہ کے مطابق ایک موقع پر انہیں خاموش رہنے اور منہ بند کرنے کا کہا گیا، تاہم وہ یقین سے نہیں بتا سکے کہ یہ الفاظ کس رکن نے کہے تھے۔انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا کہ ان ارکان نے اپنا اصل رویہ ظاہر کردیا تھا اور آسٹریلوی کھلاڑیوں کو گالیاں دیتے ہوئے خود کو مراعات یافتہ شرابیوں کے ایک ہجوم کی طرح پیش کر رہے تھے۔سابق آسٹریلوی اوپنر نے واقعے کی منظرکشی کرتے ہوئے کہا کہ وہاں موجود افراد متحد ہوکر اس طرح گالیاں دے رہے تھے جیسے کتوں کا کوئی غول اپنے شکار پر جھپٹنے کے لیے تیار ہو۔ ان کے بقول، ابتدا میں یہ سب سن کر وہ حیرت اور صدمے کے باعث صرف ہنس دیے تھے۔واضح رہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے فوراً بعد ایم سی سی نے نامناسب رویے پر اپنے 3 ارکان کو معطل کردیا تھا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے تقریباً 4 ماہ بعد ایک رکن کو کلب سے نکال دیا گیا، جبکہ دیگر 2 ارکان پر بالترتیب ساڑھے 4 سال اور ڈھائی سال کی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔