کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) پیغام رسانی کی مقبول ایپلی کیشن واٹس ایپ نے گروپس اور کمیونٹیز میں ارکان کی زیادہ سے زیادہ تعداد بڑھا دی ہے، جس کے بعد اب ایک گروپ میں 1024 کے بجائے 1500 افراد شامل کیے جاسکیں گے۔ویب سائٹ ’’ڈبلیو اے بیٹا اِنفو‘‘ کے مطابق اس تبدیلی کے نتیجے میں گروپ منتظمین کو مزید افراد شامل کرنے کے لیے الگ الگ چیٹس بنانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ارکان کی تعداد میں اضافے کا اطلاق کمیونٹی گروپ چیٹس پر بھی ہوگا۔یہ سہولت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے مرحلہ وار جاری کی جا رہی ہے، اس لیے بعض صارفین کو فی الحال ایک گروپ میں زیادہ سے زیادہ 1024 ارکان شامل کرنے کا اختیار ہی دستیاب ہوسکتا ہے۔یہ پیش رفت واٹس ایپ کی جانب سے گروپ چیٹس کے لیے حال ہی میں متعارف کرائے گئے متعدد نئے فیچرز کے بعد سامنے آئی ہے۔ ان میں تمام ارکان کو بیک وقت ٹیگ کرنے کے لیے ’’@all‘‘ کا اختیار، پولز کے لیے آخری تاریخ مقرر کرنے اور پہلے سے موجود چیٹ سے نیا گروپ بنانے کی سہولت شامل ہے۔واٹس ایپ نے گروپ اسٹیٹس اور پیغامات کو غیر معینہ مدت تک پن کرنے کا فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔ اس کے علاوہ نیا فلٹر شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین ٹیگ کیے جانے والے پیغامات اور براہِ راست جوابات باآسانی تلاش کرسکتے ہیں۔ایک اور تبدیلی کے تحت گروپ منتظمین نئے شامل ہونے والے ارکان کے ساتھ سابقہ پیغامات بھی شیئر کرسکیں گے، جس سے نئے ارکان کو گروپ میں شمولیت سے پہلے ہونے والی گفتگو تک رسائی مل سکے گی۔ اس سے قبل نئے ارکان صرف اپنی شمولیت کے بعد بھیجے گئے پیغامات دیکھ سکتے تھے۔واٹس ایپ ان نئی سہولتوں کے ذریعے گروپ چیٹس کے انتظام اور استعمال کو مزید آسان بنا رہا ہے، جبکہ ارکان کی تعداد بڑھنے سے بڑی کمیونٹیز کو ایک ہی گروپ میں زیادہ افراد کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔