نیو یارک( سپورٹس ڈیسک)امریکا کے شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے ارجنٹینا اور مصر کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ہونے والے متنازع فیصلوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔ظہران ممدانی نے اپنے نئے منصوبے "نیکسٹ اسٹاپ: بہتر بسیں، تیز تر سروس" کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہتر سفری سہولتیں شہریوں کا قیمتی وقت بچانے میں مدد دیتی ہیں۔ اس منصوبے کے ذریعے سفر کے دورانیے میں کمی لانے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سفر کا وقت کم ہونے سے لوگ کام پر جانے سے پہلے اطمینان کے ساتھ اپنے خاندان کے ساتھ ناشتہ کر سکیں گے، جبکہ شام کے وقت بھی بروقت گھر پہنچ کر بچوں اور اہل خانہ کے ساتھ بہتر وقت گزار سکیں گے۔اسی گفتگو کے دوران ظہران ممدانی نے ارجنٹینا اور مصر کے درمیان ہونے والے میچ کے متنازع فیصلوں پر بھی بات کی۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے اختتام پر کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے دوستوں کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ گزشتہ روز کا میچ مصر سے چھین لیا گیا۔ظہران ممدانی کے اس بیان کے بعد میچ کے دوران ہونے والے متنازع فیصلوں پر سوشل میڈیا پر جاری بحث مزید تیز ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ ارجنٹینا کی مصر کے خلاف ڈرامائی کامیابی کے بعد مصر کی ٹیم کے ہیڈ کوچ، کھلاڑیوں اور سوشل میڈیا صارفین نے ریفری کے فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تنقید کی ہے۔