لاہور ( شو بز ڈیسک) اپنی بے مثال اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں جگہ بنانے والے سینئر اداکار سلیم ناصر کی 37ویں برسی 19 اکتوبر کو منائی جائے گی۔سلیم ناصر 15 نومبر 1944ء کو بھارتی شہر ناگپور میں پیدا ہوئے۔ تقسیم ہند کے بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور کراچی میں مستقل سکونت اختیار کرلی۔انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ٹیلی ویژن سے کیا اور مختلف نوعیت کے کرداروں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کے معروف ڈراموں میں ’دستک‘، ’نشانِ حیدر‘، ’آخری چٹان‘، ’یانصیب کلینک‘، ’بندش‘ اور ’ان کہی‘ شامل ہیں۔تاہم، انور مقصود کے تحریر کردہ ڈرامے ’آنگن ٹیڑھا‘ میں اکبر کا کردار ان کی پہچان بن گیا، جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔ سلیم ناصر نے ٹیلی ویژن کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کی، جن میں وحید مراد کی فلم ’زیب النساء‘ بھی شامل ہے۔فن کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ملک کے اعلیٰ صدارتی اعزاز سے بھی نوازا گیا۔سلیم ناصر 19 اکتوبر 1989ء کو 45 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔ ان کی اداکاری اور فنی خدمات آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔