ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ فلم ’’دھرندھر‘‘ میں ولن کا کردار ادا کرنے والے اکشے کھنہ کی کاسٹنگ سے متعلق کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا نے اہم انکشاف کیا ہے۔مکیش چھابڑا کے مطابق اکشے کھنہ سے قبل 2 سے 3 بڑے اداکاروں کو یہ کردار پیش کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے فلم کی بڑی کاسٹ اور ہدایتکار آدتیہ دھر کے طویل وقفے کے بعد واپسی پر تحفظات کے باعث کردار قبول نہیں کیا۔انہوں نے بتایا کہ اکشے کھنہ کو جب کردار کی پیشکش کی گئی تو انہوں نے بھی ابتدا میں انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ولن کا کردار کیوں کریں گے۔ تاہم کہانی سننے کے صرف پانچ منٹ بعد ان کی رائے بدل گئی اور انہوں نے اسی روز فلم میں کام کرنے کی رضامندی ظاہر کردی۔مکیش چھابڑا کے مطابق اکشے کھنہ نے آدتیہ دھر کے تحریر کردہ کردار میں اپنی اداکاری کا منفرد انداز شامل کیا۔ انہوں نے رنویر سنگھ کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فلم میں دیگر اداکاروں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلئے بھرپور گنجائش فراہم کی۔