اسلام آباد (کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت کے ساتھ ملک کے تمام صوبوں نے بھی شوگر ڈی ریگولیشن پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت پاکستان کے چینی کے شعبے کو حکومتی کنٹرول سے آزاد کرکے مسابقتی اور منڈی کی بنیاد پر چلنے والے نظام میں تبدیل کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم کے وژن کے تحت ملک کے شوگر سیکٹر میں اہم اصلاحات کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر سندھ، پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتوں نے اتفاق کرتے ہوئے پالیسی پر عملدرآمد کی منظوری دے دی ہے۔وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق نئی پالیسی تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت اور صوبوں کو اعتماد میں لے کر تیار کی گئی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد چینی کے شعبے میں غیر ضروری حکومتی پابندیوں کا خاتمہ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور آزادانہ مسابقت کو فروغ دینا ہے۔نئی پالیسی کے تحت گنے کے کاشتکار اپنی فصل کسی بھی خریدار کو فروخت کرنے کے مجاز ہوں گے، جبکہ گنے کی قیمت کا تعین منڈی کے نظام کے تحت کیا جائے گا۔ اس اقدام سے کاشتکاروں کو اپنی پیداوار فروخت کرنے میں زیادہ آزادی اور بہتر تجارتی مواقع میسر آئیں گے۔اس کے علاوہ شوگر ملوں کے قیام اور ان کی پیداواری صلاحیت کی منظوری سے متعلق پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ملیں منڈی کی طلب اور حالات کے مطابق اپنی پیداواری صلاحیت کے فیصلے کرسکیں گی۔چینی کی صنعت میں نئی سرمایہ کاری اور کاروباری مسابقت بڑھانے کے لیے درآمدات اور برآمدات کا شفاف اور قابل پیش گوئی نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ چینی کی برآمد پر دی جانے والی سبسڈی بھی ختم کردی جائے گی۔پالیسی کے تحت ملک بھر میں چینی کی بین الصوبائی نقل و حمل آسان بنائی جائے گی اور آزادانہ تجارت کی راہ میں حائل غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ اسی طرح کاشتکاروں اور شوگر ملوں کے لیے قرضوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے، زرعی پیداوار بڑھانے اور جدید مشینری کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ ایندھن میں ایتھنول کی آمیزش لازمی قرار دینے پر بھی کام کیا جائے گا۔مزید برآں چینی کی شفاف قیمتوں کے تعین اور منڈی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اجناس کی تجارتی منڈیوں کی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق نئی پالیسی کا مقصد گنے کے کاشتکاروں، شوگر مل مالکان، تاجروں اور برآمد کنندگان سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو فائدہ پہنچانا اور چینی کی صنعت میں پیداوار، کارکردگی، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔