اسلام آباد (کامرس ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کردی ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے منظور شدہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 318 روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل اس کی قیمت 319 روپے فی لیٹر تھی۔اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد 353 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا، جبکہ اس کی سابقہ قیمت 357 روپے فی لیٹر مقرر تھی۔اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 25 نومبر 2026ء سے ہوگا۔