اسلام آباد ( پاکستان خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل اور قومی فخر کا عظیم لمحہ قرار دیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شرکت سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے قومی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے خلائی مشن کی تیاری اور کامیابی میں کردار ادا کرنے پر سپارکو، سائنس دانوں اور انجینئرز کی خدمات کو سراہا اور مشن پر روانہ ہونے والے خلا بازوں کے کامیاب سفر اور بحفاظت واپسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلائی پروگرام میں چین کا تعاون اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ تاریخی مشن ملکی خلائی تحقیق کے لیے نئے امکانات پیدا کرے گا، جبکہ اس دوران ہونے والے سائنسی تجربات علم اور تحقیق کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ انسانی خلائی پرواز میں شرکت تحقیق، سیکھنے اور جدت کے نئے مواقع فراہم کرتی ہے۔ خلائی تحقیق کے ذریعے زمین کو درپیش مختلف مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔ صدر مملکت نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اعتماد اور بلند حوصلے کے ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی سفر پر روانگی کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے آج ستاروں سے آگے کا سفر شروع کردیا ہے۔ یہ صرف ایک خلا باز نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کے خوابوں اور امیدوں کا سفر ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان نسل، سائنس دانوں اور قومی امنگوں کی عکاسی کرنے والا مشن ہے۔ محمد ذیشان علی اور خرم داؤد نے غیر معمولی محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تربیت مکمل کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر آج ایک پاکستانی خلائی اسٹیشن تک پہنچ سکتا ہے تو کل چاند تک بھی رسائی حاصل کرسکتا ہے، کیونکہ ہماری منزل ستاروں سے بھی آگے ہے۔شہباز شریف نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ خواب دیکھنا نہ چھوڑیں، محنت جاری رکھیں اور پاکستان پر اعتماد رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اب خلائی تحقیق کے میدان میں بھی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔ یہ مشن ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی جانب ایک اہم قدم ہے اور مستقبل میں پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر قیادت کا کردار ادا کریں گے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی خلائی تحقیق کے میدان میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو تاریخ رقم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ محمد ذیشان علی کا خلا تک پہنچنا 26 کروڑ پاکستانیوں کے لیے فخر، خوشی اور قومی اعزاز کا عظیم لمحہ ہے۔ آج پاکستان کا سبز ہلالی پرچم خلا میں بلند ہوا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستانی نوجوان چاند اور اس سے آگے کی منزلوں کو بھی اپنے خوابوں کی تعبیر بنائیں گے۔
پاکستانی خلا باز مشن پر صدر، وزیراعظم اور بلاول بھٹو کی قوم کو مبارکباد
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان