اسلام آباد ( پاکستان خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے نئی دہلی میں پاکستان کا مؤقف مؤثر اور بہترین انداز میں پیش کرنے پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس کے دوران وزیراعظم نے نئی دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر انہیں سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے تاریخ اور زمینی حقائق کو انتہائی مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کے اندازِ بیان اور اردو زبان پر عبور کی بھی تعریف کی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے خطے میں پاکستان کا مثبت تاثر اور قومی تشخص اجاگر کرنے کے لیے تحمل اور فکری وضاحت پر مبنی سفارت کاری کا ایک نیا معیار قائم کیا، جو قابل تحسین ہے۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے وزیراعظم کو اپنے دورہ نئی دہلی اور تہذیبی مکالمے میں شرکت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
وزیراعظم کی نئی دہلی میں پاکستانی مؤقف اجاگر کرنے پر مصدق ملک کی تعریف
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان