راولپنڈی ( پاکستان خبر) عسکری قیادت نے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے آغاز کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے قوم، خلائی و بالائی فضائی تحقیق کے قومی ادارے سپارکو اور سائنسی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے مسلح افواج کی جانب سے اس اہم کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی۔مسلح افواج کی قیادت نے کہا کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا خلائی سفر پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ وہ پاکستان کے پہلے خلا باز اور چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ کا سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔بیان میں سپارکو کے سائنس دانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی مسلسل کوششوں کے باعث یہ تاریخی قومی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔مسلح افواج نے اس اہم کامیابی کے حصول میں تعاون پر چین کی قیادت، حکومت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور چین کی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی دوستی اب زمینی سرحدوں سے آگے خلا تک پہنچ چکی ہے۔مسلح افواج کے مطابق انسانی خلائی مشن میں پاکستان کی شرکت ملکی افرادی قوت، سائنسی صلاحیتوں اور تکنیکی استعداد کا واضح ثبوت ہے۔ یہ کامیابی نئی نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ فراہم کرے گی۔عسکری قیادت نے پوری قوم کے ساتھ اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے مشن کی کامیابی اور ان کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔