اسلام آباد (کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں ایل پی جی پلانٹ سمیت مختلف توانائی منصوبوں پر عملدرآمد اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ تجارتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے پیٹرول کی درآمد، ذخیرہ کرنے اور ترسیل کے انتظامات میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت کو عملی منصوبوں اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کی ترجیحات پاکستان اور چین کے درمیان توانائی کے شعبے میں شراکت داری کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہیں۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔